اسلام انسانیت کا دین، مجھے بہترین انسان بنا دیا: پال پوگبا

Last Updated On 13 June,2019 12:38 pm

مانچسٹر (ویب ڈیسک) مانچسٹر یونائیٹڈ کے مہنگے ترین فٹ بالر اور نو مسلم کھلاڑی پال پوگبا نے مشرف بہ اسلام ہونے اورراہ ہدایت اختیار کرنے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اسلام انسانیت کا دین ہے جس نے مجھے بہترین انسان بنا دیا۔ 26 سالہ پوگبا نے انکشاف کیا کہ زندگی میں بہت مشکل اوقات دیکھے۔ اپنے بعض دوستوں کے ذریعے میرا تعارف دین اسلام کے ساتھ ہوا۔ اسلام کے مطالعے نے مجھے ایمان کی دولت سے سرفراز کردیا۔

پال پوگبا کا کہنا تھا کہ اسلام میرے لیے کل کائنات ہے۔ دین نے میرا سب کچھ بدل دیا۔آج میں بہت اطمینان اور خوشی محسوس کرتا ہوں۔ میں شعوری طور پرکہہ سکتا ہوں کہ میری زندگی بدل گئی ہے۔ میرا ضمیر مطمئن اور پہلے سے زیادہ خود کو محفوظ محسوس کرتا ہوں۔

دنیا کے امیر ترین فٹبالر میں شمار ہونے والے کھلاڑی کا کہنا تھا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد میری زندگی میں جوہری تبدیلیاں آئیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ میں پیدائشی مسلمان نہیں تھا۔ اسلام کی اصل تصویر وہ نہیں جسے دوسرے لوگ پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے بارے میں جو باتیں ہم ذرائع ابلاغ سے سنتے ہیں وہ ایک الگ چیز ہے۔ جہاں تک اسلام کا تعلق ہے تو اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔