پیرس کے تاریخی کلیسا میں آتشزدگی سے مینار گر گیا، آگ بجھا دی گئی

Last Updated On 16 April,2019 09:12 am

پیرس: (دنیا نیوز) پیرس میں ساڑھے آٹھ سو سال قدیم نوٹرڈیم کیتھڈرل شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا، چھت جل گئی، ایک مینار بھی گر گیا تاہم کلیسا کو مکمل تباہی سے بچا لیا گیا۔ آگ بجھانے میں چار سو فائر فائٹرز نے حصہ لیا، حکومت نے چرچ کو اصل حالت میں بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔

دنیا بھر میں مشہور 850 سال قدیم پیرس کے نوٹرڈیم چرچ میں لگی خطرناک آگ کئی گھنٹے بعد بجھا دی گئی، حکام کے مطابق عمارت کے اصل ڈھانچے کو بچا کر چرچ کو مکمل تباہی سے بچا لیا ہے۔ آگ سے چرچ کی چھت جل گئی، ایک بلند مینار گر گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ حادثاتی طور پر لگی، فرانسیسی صدر نے چرچ کو دوبارہ اصل حالت میں بحال کرنے اور تعمیر نو کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے چرچ کی آگ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے بجھانے کے لیے طیاروں کے استعمال کا مشورہ دیا تھا۔ جس پر فرانسیسی حکام نے جواب دیا کہ بلندی سے پانی گرایا جائے تو جلتی عمارت کا ڈھانچہ گرنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

گیارھویں صدی میں تعمیر کیا گیا یہ چرچ گوتھک آرٹ کا شاہکار تھا جسے دیکھنے ہر سال ایک کروڑ بیس لاکھ سیاح آتے ہیں۔