مستونگ: (دنیا نیوز )بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق افسوس ناک واقعہ ضلع مستونگ کے علاقے یوسی موبی میں پیش آیا، جہاں لیویز کے اہلکار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ مستونگ میں فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکاروں اور زخمی کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی اور حملے میں ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا جبکہ شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، اس قسم کے واقعات حکومت پاکستان کے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لا سکتے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام مایوس نہ ہو، اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں، انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی۔