مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملہ، دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا

Published On 23 April,2025 10:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے نتیجے میں 27 سیاحوں کی ہلاکت پر دفتر خارجہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

ترجمان وزارت خارجہ شفقت علی خان نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں حملے کے نتیجے میں سیاحوں کی ہلاکت پر گہری تشویش ہے، واقعے میں ہلاک افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں زخمیوں ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، 27 افراد ہلاک

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلح افراد نے بائی سرن وادی میں تفریح کیلئے آئے سیاحوں کو نشانہ بنایا ہے۔

حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے بغیر ثبوت پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا، حملہ ہوا تو فوراً سوشل میڈیا پر ’’پاکستان کا ہاتھ‘‘ کا بیانیہ چلایا گیا اور بھارتی چینلز نے حملے کو ’’پاکستانی دہشت گردی‘‘ کہہ کر بیچا۔