پاکستان پر الزامات کے بجائے بھارت دہشتگردی کی سرپرستی ختم کرے: دفتر خارجہ

Published On 18 April,2025 08:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کا نوٹس لیا ہے، انہوں نے پاکستان پر متعدد الزامات عائد کیے ہیں، بھارتی وزیر خارجہ پاکستان کے خلاف بیان بازی کے بجائے دہشت گردی کی سرپرستی کرنا ختم کرے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کے وزیر خارجہ ہر موقع پر پاکستان کے حوالے سے بیان بازی کرتے ہیں، انہیں بھارت کی دہشت گردی کی سرپرستی ختم کرنے اور بیرون ممالک قتل عام پر توجہ دینا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حعفر ایکسپریس دہشت گردی کے حوالے سے ابھی تحقیقات جاری ہیں، اس دہشت گردی میں ملوث دہشت گرد افغانستان میں اپنے ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے۔

شفقت علی خان کے مطابق یہ ہماری خارجہ پالیسی کا اصول ہے کہ ہم تمام ممالک سے بہتر تعلقات رکھیں، چین ہمارا ایک دیرینہ دوست ہے اور پاک امریکا تعلقات دہائیوں پرانے تعلقات ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ہسپتالوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، غزہ کے لوگوں کو اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

انہوں نے بنگلہ دیش اور پاکستان سے متعلق منفی خبروں پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش خارجہ سیکرٹریز کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں جو انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات میں کچھ تصفیہ طلب معاملات پر بھی گفتگو ہوئی جس میں دو طرفہ موقف پر تبادلہ خیال ہوا مگر خوشگوار مذاکرات کے باوجود کچھ عناصر ان مذاکرات کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں جو درست عمل نہیں۔