کراچی: (دنیا نیوز) سول ججز اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی بھرتیوں کے لئے شرائط میں تبدیلی کا معاملہ، سندھ ہائی کورٹ نے شرائط میں تبدیلی کے خلاف درخواستیں مسترد کر دیں۔
عدالت نےدرخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی نے سندھ جوڈیشل سروسز کے رولز میں ترمیم کی، انتظامی کمیٹی نے سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے بھرتیوں کیلئے دوسالہ بطور وکیل پریکٹس کی شرط عائد کی۔
تحریری فیصلہ کے مطابق ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کے فیصلے کی سندھ کابینہ نے توثیق کی جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، کوئی بھی وکیل اس بات سے انکار نہ کر سکا کہ تجربہ کار افراد کی شمولیت زیادہ فائدہ مند ہے۔
فیصلہ کت مطابق عدلیہ میں تجربہ کار افراد کی بھرتی کے شرائط میں کوئی غیر آئینی اقدام ثابت نہیں کیا جا سکا، درخواست گزار کوئی ایسا معاملہ پیش نہ کر سکے کہ مذکورہ ترمیم غیر معقول یا امتیازی سلوک پر مبنی ہے۔
تحریری فیصلہ کے مطابق سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ہائیکورٹ کے انتظامی فیصلے آرٹیکل 199 کے تحت چیلنج نہیں کیے جا سکتے۔