سندھ کے احتجاج پر کینالز منصوبہ حکومت ابھی تک آئینی فورمز سے منظور نہیں کراسکی: نثار کھوڑو

Published On 18 April,2025 01:39 am

حیدر آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کینالوں کے منصوبے سے دستبرداری کا اعلان نہیں کیا تو پیپلزپارٹی ن لیگ کی وفاقی حکومت کی حمایت چھوڑ دے گی۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے حیدرآباد ہٹڑی بائی پاس پر جلسے گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں کینالوں کے منصوبے کے خلاف جدوجہد کا میدان سج رہا ہے، متنازعہ کینال منصوبے کے خلاف حیدرآباد کے بعد میرپورخاص، سکھر، شہید بینظیرآباد اور پھر کراچی میں احتجاجی جلسے ہونگے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں کینال منصوبے کے خلاف جدوجہد کر رہی ہیں ان کی جدوجہد کو سراہا ہے، مسلم لیگ ن کے دور میں جلال محمود شاہ کالاباغ ڈیم کی حمایت میں ن لیگ کے ساتھ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی پر سندھ کارڈ استعمال کرنے کا الزام لگانے والے ماضی میں کالاباغ ڈیم اور گریٹر تھل کینال کے حامی رہے ہیں، پیپلز پارٹی پر تنقید ایسی ہے جیسے بھینس گائے کو کہے کے دنب کالی، سندھ کے احتجاج اور دباؤ پر کینالوں کا منصوبہ وفاقی حکومت ابھی تک آئینی فورمز سے منظور نہیں کراسکی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ جب ارسا کے خلاف سندھ اسمبلی قرارداد منظور کر رہی تھی تب یہ جماعتیں سو رہی تھیں، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کے کینالوں کے معاملے پر اپنی انا کو چھوڑ کر ایک آواز بن کر جدوجہد کریں۔