خیبرپختونخوا حکومت کا مفت سولر سسٹم دینے کا منصوبہ فائلوں تک ہی محدود

Published On 21 April,2025 11:19 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا حکومت کا مفت سولر سسٹم دینے کا منصوبہ سرکاری فائلوں تک ہی محدود ہو کر رہ گیا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے سولر پینل دینے کا اعلان 9 مہینے قبل کیا تھا جبکہ کاغذی کارروائی مکمل کرنے میں اب بھی 3 ماہ سے زیادہ کا وقت لگے گا، خیبرپختونخوا حکومت نے 1 لاکھ 30 ہزار خاندانوں کو مفت سولرسسٹم دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

سولرسسٹم کس معیار اور کس طرز پر دیئے جائیں تاحال فیصلہ نہ ہو سکا، ایک ہی کمپنی یا پھر الگ الگ کمپنیوں کو ٹھیکہ دینے کا فیصلہ بھی نہ ہو سکا، کئی افسران نے ایک ہی کمپنی سے تمام سامان کی خریداری کی رائے دی جبکہ کئی افسران کیجانب سے تمام سامان مختلف کمپنیوں سے خریدنے کی رائے دی گئی ہے، تاحال فیصلہ نہ ہونے سے منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہو گیا۔

دوسری جانب پراجیکٹ ڈائریکٹراسفند یار خان نے بتایا ہے کہ منصوبے کے تحت مفت سولر پینل، بیٹری، بلب، پنکھے اور دیگر آلات دیئے جائیں گے، 33 ارب روپے کا منصوبہ ہے، اس لئے ہر پہلو کو دیکھا جا رہا ہے، پی سی ون منظور ہوتے ہی اس منصوبے پر تیزی کےساتھ کام شروع ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بیڈرز کو اختیار ہے کہ وہ کس طرز پر صارفین کو سولر سسٹم فراہم کرتا ہے، اب تک 25 لاکھ صارفین نے مفت سولر سکیم کے لئے اپلائی کیا ہے۔