اسلام آباد:(دنیا نیوز) برطانوی وزیر لارڈ واجد خان کا پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل ہو گیا۔
اپنے دورے کے دوران لارڈ واجد خان نے اقلیتوں کے تحفظ اور ہم آہنگی کے فروغ کو سراہا، انہوں نے فیصل مسجد اور سینیٹ جوزف کیتھڈرل کا دورہ کرکے بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا۔
برطانوی وزیر نے پاکستان میں 1000 سے زائد کمیونٹی فورمز کے قیام کی کوششوں کا ذکر کیا،ا نہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
دورہ پاکستان کے دوران لارڈ واجد خان نے مذہبی اقلیتوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے کا سفید رنگ مذہبی اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان مل کر موسمیاتی تبدیلی، جرائم اور غیرقانونی ہجرت جیسے خطرات کا مقابلہ کر رہے ہیں، لارڈ خان نے دوران گفتگو پہلے اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب میں 1.6 ملین برٹش پاکستانیوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔
دوسری جانب برطانوی وزیر نے گجرات سے اپنے خاندانی تعلق اور پاکستان سے جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 200 سے زائد برطانوی کمپنیاں پاکستان میں تجارت کر رہی ہیں۔