اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے متعلق پیش گوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعۃ المبارک کے روز خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے، ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں گرم رہا، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ،جنوبی پنجاب اور جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ خیبرپختونخوا کے علاقے دیر میں 15، پٹن 10، کالام 09، مالم جبہ ، چراٹ 04، سیدو شریف03، پشاور ایئرپورٹ، سٹی 01، چترال، دروش میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گلگت بلتستان کے علاقوں گوپس میں 04، ہنزہ 03، پنجاب: ڈیرہ غازی خان 01، بلوچستان کےعلاقے پنجگور میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آج ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق دادو، شہید بینظیر آباد 45، لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر، موہنجو دڑو 44، روہڑی اور بہاولپور میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔