رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کا الرٹ جاری

Published On 08 April,2025 10:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج سے 11 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں و گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں آندھی و بارشوں کے امکانات ہیں۔

دوسری جانب درجہ حرارت میں نمایاں اصافہ ہونے لگا، آج کم سے کم درجہ حرارت 23 جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد تک جا پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رواں ماہ درجہ حرارت 4 سے 7 ڈگری تک معمول سے بڑھنے کے امکانات ہیں جس سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔