اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینئر سیاستدان اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ جو پارٹی اپنے اندر جمہوریت نہیں لاسکتی وہ ملک میں کیسے جمہوریت لائے گی۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی گھس بیٹھیوں کے قبضے میں ہے، پی ٹی آئی میں کچھ گھس بیٹھیے اپنے مفادات کیلئے پارٹی کو استعمال کررہے ہیں، پی ٹی آئی کے موجودہ حالات کی کئی سال پہلے ہی پیشگوئی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 16 سال پارٹی کا ساتھ دیا ہے، پارٹی کا میڈیا 2011 تک میں مینج کرتا تھا، ہمیں پارٹی کا نظریہ پتہ تھا اور نظریہ عوام کے سامنے رکھا، آپ نے اس وقت پارٹی میں آمریت قائم کی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسمبلیاں تحلیل کر کے آئین شکنی کی، انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا کیا استعفیٰ دیا؟ اس وقت کی سیاست نے پاکستان کو ڈبویا، آج جو پاکستان کی سیاست ہے یہ وہی ہے، کچھ لوگ پاکستان سے باہر جا کر ملک اور اداروں کو بدنام کرتے ہیں۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپنی تنخواہیں بڑھانے کیلئے سب ایک ہوگئے، پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن کا ڈرامہ رچایا، پارٹی فنڈز کی بندربانٹ ہو رہی ہے، خودساختہ عہدے لے کر بیٹھے ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تو مکھی مارنے سے پہلے بھی اڈیالہ جاتے ہیں، یہ آمریت کے سامنے سجدہ کرتے ہیں تو جمہوریت کیسے آئے گی؟ اس ملک دشمنی کے خلاف ہمارے سیاستدانوں کو ایک مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔