امید ہے حکومت کیساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے: عمر ایوب

Published On 24 December,2024 09:27 am

پشاور: (ذیشان کاکا خیل) رہنما تحریک انصاف و اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ امید ہے حکومت کیساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ کل عدالت میں تھا کچھ لوگوں نے میرے بارے غلط باتیں کیں، کہا گیا کہ میں حکومت کے ساتھ مذاکرات نہیں چاہتا، گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں تھا اس وجہ سے مذاکرات میں شریک نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی حکومت نے ہمارے خلاف مقدمات بنائے ہیں اس میں پیش ہو رہے ہیں، ایک اخبار نے بڑی سٹوری لگائی کہ میں مذاکرات کے لئے نہیں گیا، میڈیا سے گزارش ہے تھوڑا دیکھا کریں، امید کرتے ہیں مذاکرات کامیاب ہونگے۔ 

دریں اثناء پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس اعجاز انور نے کی عمر ایوب کی درخواست پر سماعت کی۔

عمر ایوب کے وکیل نے کہا کہ نے کہا کہ درخواست گزار اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی ہے، ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں، بہت سارے کیسز ہیں ہر جگہ پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کا بھی ممبر ہوں وہاں پر بھی جانا ہوتا ہے، پہلے بھی اس عدالت نے ضمانت دی اور پھر مجھے گرفتار کیا گیا جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ٹھیک ہے آپ کو ٹائم دیتے ہیں، عمر ایوب نے استدعا کی کہ ایک مہینے کا ٹائم دیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے عمر ایوب کی ایک ماہ کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو نے کی ہدایت کردی۔