پی ٹی آئی کےجرائم خوارج،بی ایل اے سے زیادہ سنگین:حنیف عباسی

Published On 13 December,2024 10:47 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ حنیف عباسی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کےجرائم خوارج،بی ایل اے سے زیادہ سنگین ہیں۔

دنیا نیوزکے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سےسرکاری وسائل کےساتھ تین دفعہ حملہ کیا گیا، کبھی کسی پارٹی نے شہدا کےمجسموں کو نہیں جلایا، نومئی ایک سال کی منصوبہ سازی کا نیتجہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی76سالہ تاریخ میں ایسےواقعات نہیں ہوئے تھے، پی ٹی آئی نے26نومبر کو بھی پورا زور لگایا اور اپنی والدہ کو بھی اکیلا چھوڑ دیا، نومئی کے منصوبہ سازوں میں بانی پی ٹی آئی سرفہرست ہیں۔

حنیف عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کومکافات عمل کا سامنا ہے، یہ اپنےاقتدار کے لیے پختون کارڈ کھیلتی ہے، ان کے جرائم خوارج، بی ایل اے سے زیادہ سنگین ہیں، تحریک انصاف والےریاست پاکستان کونہیں مانتے۔