شہباز شریف سے تاجک وزیر توانائی کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Published On 13 December,2024 06:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے تاجکستان کے وزیر برائے توانائی نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان تاجکستان جوائنٹ کمیشن کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم نے تاجک صدر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے تاجکستان کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، اس موقع پر وزیراعظم نے اپنے دورے میں مفاہمتی یادداشتوں، معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ معاہدوں پر بروقت عمل درآمد سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

تاجکستان کے وزیر نے پاکستان میں استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، تاجک وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید بہتر بنانے اور تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں کاسا-1000 سمیت علاقائی روابط کے دیگر منصوبے بھی زیر بحث آئے، فریقین نے مواصلات خصوصاً زمینی روابط، توانائی، تعلیم، زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔