این ایف سی میں سے بلدیاتی حکومتوں کو براہ راست فنڈز کی منتقلی یقینی بنائیں گے: احسن اقبال

Published On 13 December,2024 03:55 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ این ایف سی میں سے بلدیاتی حکومت کو براستہ فنڈز کی منتقلی یقینی بنائی جائے گی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا اور مردان کے 15 رکنی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر کو صوبہ خیبرپختونخوا میں کم و بیش تین سال سے مفلوج بلدیاتی حکومتوں کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبہ میں 30 ہزار منتخب بلدیاتی نمائندوں کو کسی قسم کے انتظامی اور مالیاتی اختیارات نہ دے کر آئین و قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں، وفاقی وزیر نے بلدیاتی نمائندگان کو وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت این ایف سی میں سے بلدیاتی حکومتوں کو براہ راست فنڈز کی منتقلی کو یقینی بنائے گی تاکہ صوبہ کے نچلی سطح پر مسائل حل کرنے میں مدد ہو سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی تقدیر کا انحصار اس بات پر ہے کہ صوبائی حکومتیں کتنے مؤثر انداز میں عوام کے مسائل حل کر رہی ہیں، با اختیار بلدیاتی ادارے ہی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد جو اختیارات صوبوں کو دیئے گئے،14 سالوں میں ان شعبوں کے نظام میں کوئی بہتری نہیں آئی، جو اختیارات وفاق نے صوبوں کو دیئے ان کا حساب کتاب کیا جائے تو بلدیاتی حکومتوں کی کارکردگی واضح ہو جائے گی۔