ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ: امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ اور موبائل جیمرز لگانے کا فیصلہ

Published On 06 December,2024 09:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ نے 8 دسمبر کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ اور موبائل جیمر لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے میڈیکل کے ٹیسٹ کے انعقاد کو شفاف بنانے کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کردیا جبکہ ٹیسٹ مراکز میں موبائل جیمرز لگانے کا حکم بھی جاری کردیا۔

پولیس میڈیکل کالجز ،جامعات کےداخلہ ٹیسٹ مراکز میں مناسب سیکورٹی انتظام کرے گی، امتحانی مراکز کےاطراف اور اندر غیرمتعلقہ افراد کےداخلے اور ٹیسٹ مراکز میں موبائل فون،الیکٹرانک ڈیوائس لانےپرپابندی ہوگی۔

سندھ بھرمیں 7 مقامات پر ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 8 دسمبر کو شیڈول ہیں، کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی میں امتحانی مرکز ہوگا۔

مہران یونیورسٹی جامشورو، پبلک ہیلتھ سکول حیدرآباد، قائداعظم یونیورسٹی انجنئیرنگ نوابشاہ میں بھی ایم ڈی کیٹ کا امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے جبکہ لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر اور آئی بی اے پبلک سکول سکھر میں بھی ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد ہوگا۔