کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر بیرون ملک سفر کرنے والے 8 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتارملزمان فلائٹ نمبر FZ - 334 کے ذریعے آذربائیجان جا رہے تھے تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزموں کو مشکوک پایا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نےغیر قانونی طریقے سے آذربائیجان سے مالٹا جانے کی کوشش کرنا تھی لیکن ملزمان کو ایجنٹ سمیت حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزموں نے سید شبیر حسن نامی ایجنٹ کو مالٹا جانے کے لئے لاکھوں روپے ادا کئے، ملزموں نے فی کس 2 لاکھ روپے سے 9 لاکھ روپے تک ایجنٹ کو ادا کئے تھے۔
ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔