اسلام آباد، لاہور: (دنیا نیوز) پولیو وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں ہفت روزہ انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز ہو چکا ہے۔
22 دسمبر تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 47 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
سات روزہ انسداد پولیو مہم میں پنجاب کے 36 اضلاع میں 2 کروڑ 33 لاکھ، خیبر پختونخوا کے 36 اضلاع میں 72 لاکھ، سندھ کے 30 اضلاع میں 1 کروڑ 6 لاکھ اور بلوچستان کے 36 اضلاع میں 26 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے 5 اضلاع میں بھی 8 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔
وزارت صحت نے تمام والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے خلاف ایک قوم کی حیثیت سے متحد ہو کر اپنے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں، پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ہر موقع پر اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔