اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ اس کو دیکھ لیں آئندہ کوئی درخواست ایسے یہاں نہ آئے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوآرڈینیٹر مقرر کئے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ وہ کوآرڈینیٹر انتظار حسین پنجوتھہ تو اغوا ہو چکے ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ان کے علاؤہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ بھی ہیں، کوآرڈینیٹر پہلے طے کر لیتے فہرست آجاتی ہے اور ہم ملاقات کروا دیتے ہیں، جیل ملاقات بھی اب ہو رہی ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ جیل ملاقات پر پابندی کیوں لگاتے ہیں جس پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جواب دیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث ہوم ڈیپارٹمنٹ پابندی عائد کرتا ہے۔
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے ملاقات پر پابندی نہ ہونے پر درخواست نمٹا دی۔