پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تحصیل لوکل گورنمنٹ رولز آف بزنس 2022 میں مجوزہ ترامیم پر غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر بلدیاتی حکومتوں کے متعلق ہونے والے اجلاس میں منتخب بلدیاتی نمائندوں نے رولز آف بزنس میں تجویزکردہ تمام ترامیم سے اصولی اتفاق کیا۔
دوران اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی حکومتوں کے رولز میں ترامیم حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ میں پیش کی جائیں گی، بلدیاتی نمائندوں کے دیگر جائز مطالبات کے لئے الگ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ترامیم کی منظوری سے بلدیاتی حکومتیں مزید مؤثر اور بااختیار ہونگی، بااختیار بلدیاتی نظام صوبائی حکومت اورعوام دونوں کے مفاد میں ہے، بلدیاتی نمائندوں کو عوام نےمینڈیٹ دیا انہیں اختیارات بھی ملنے چاہئیں۔