پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، سینیٹر روبینہ خالد

Published On 28 October,2024 03:19 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد قابل قبول حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے، پاکستانی عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن بھارتی افواج کے ظلم و ستم کےآغاز کا دن ہے جو سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے جاری ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کوان کے پیدائشی حق، حق خودارادیت سے محروم رکھا ہوا ہے۔

روبینہ خالد نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کردیا تھا، بھارت کا یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے 2024ء میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتخابات کو بھارتی حکومت کا غیر قانونی اقدام قرار دیا۔