کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو جمہوریت کیلئے سب کچھ قربان کرنے کی علامت ہیں۔
مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے بیگم بھٹو کو ان کی 13 ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت، انصاف اور مساوات کی جدوجہد میں خدمات غیرمعمولی اور قربانیاں بے مثال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے کاز سے بے لوث وابستگی پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں، بیگم بھٹو جمہوریت کیلئے سب کچھ قربان کرنے کی علامت ہیں، مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کا اثر سیاست سے کہیں آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیگم بھٹو آمریت اور جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں، مادرِ جمہوریت نے اپنی قیادت کے ذریعے پاکستان کو ایک تاریک ترین دور سے باہر نکالا، بیگم بھٹو کا کردار تمام جمہوریت پسندوں کیلئے ایک مستقل تحریک کا ذریعہ ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بیگم بھٹو کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی جدوجہد کی تاریخ نامکمل رہے گی، بیگم نصرت بھٹو کی جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئےانتھک جستجو مشعلِ راہ ہے، بیگم بھٹو کی جدوجہد پیپلز پارٹی کے ترقی پسند اور جامع پاکستان کے مشن کو مسلسل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزیدکہا کہ پیپلز پارٹی اُن اصولوں کیلئے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتی ہے جن کیلئے مادرِ جمہوریت نے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی، مادرِ جمہوریت کی یاد پارٹی اور قوم دونوں کیلئے امید، قوت اور رہنمائی کی علامت بنی رہے گی۔