اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی بارے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس دورباہ شروع ہوگیا، قبل ازیں اجلاس ساڑھے 8 بجے تک ملتوی کیا گیا تھا۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے احسن اقبال، خواجہ آصف، شائستہ پرویز ملک اور اعظم نذیر تارڑ شریک ہوئے۔
پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف، فاروق ایچ نائیک اور نوید قمر، ایم کیو ایم کی رعنا انصار اور جے یو آئی کے کامران مرتضیٰ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
سنی اتحاد کونسل اور پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے سنی اتحاد کونسل سے رابطہ کر کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی، سنی اتحاد کونسل نے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اب ساڑھے 8 بجے ہو گا، سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کو منانے کی کوشش کی جائے گی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف کے ارکان نہ بھی آئے تو کمیٹی اپنی کارروائی جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے تین نام خصوصی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چیف جسٹس کے لیے جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام بھجوائے گئے ہیں۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی نئے چیف جسٹس کے لیے ایک کا نام فائنل کرکے وزیراعظم کو بھیجے گی۔
26 ویں آئینی ترمیم کے تحت نئے چیف جسٹس کی تقرری موجودہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ سے تین دن قبل ہوگی۔