پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا مقابلہ ہم کھیلوں کے میدان آباد رکھنے سے کر سکتے ہیں۔
پاکستان سپورٹس رائیٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک کی سربراہی میں ملنے والے ایسوسی ایشن کے وفد میں پشاور، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی سے اراکین شامل تھے، وفد نے گورنر کو خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں سپورٹس کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا دہشتگردی کا مقابلہ ہم کھیلوں کے میدان آباد رکھنے سے کر سکتے ہیں، صوبہ میں سپورٹس کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، سپورٹس کے ہونہار بچے اپنی مدد آپ کے تحت ملکی و غیر ملکی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ میں کھیلوں کے میدان ویران اور ہونہار کھلاڑیوں کی کوئی سربراہی اور معاونت نہیں ہو رہی ہے، کھیلوں کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا اچھا پیغام جاتا ہے، پشاور، سوات، چترال، دیر، ڈی آئی خان اور وزیرستان سمیت دیگر اضلاع کے ہونہار کھلاڑیوں کو گورنر ہاؤس مدعو کیا تھا۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اپنی مدد آپ کے تحت کھیلوں کے میدان میں نام پیدا کرنیکا جذبہ رکھنے والے صوبہ کے نوجوانوں کی ہم نے حوصلہ افزائی کی تھی، حقیقی سپورٹس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے میرٹ پر فیصلے کرنا ضروری ہیں۔
گورنر کے پی نے کہا کہ کھیلوں کے فنڈز کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنانا ہو گا، اس موقع پر وفد نے کھیلوں کے فروغ بالخصوص صوبہ کے سپورٹس ٹیلنٹ کی سرپرستی پر گورنر خیبرپختونخوا کے اقدامات و کوششوں کو سراہا۔