کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ حالیہ گرفتاریوں سے ثابت ہوا سازشوں کے پیچھے پی ٹی آئی اور سہولت کار تھے۔
سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کابینہ نے ملیر میں سولر پارک کی منظوری دی ہے، سندھ کابینہ نے آج اہم فیصلے کئے، صدرمملکت نے کہا بجلی کے بل بہت زیادہ ہیں، صدر مملکت نے کہا عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اہم گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں، آج مزید گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں، ہم ویلکم کرتے ہیں، پاکستان کی سالمیت کے لئے اہم فیصلے کئے جا رہے ہیں، صرف کرسی کے لالچ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ہر حد سے گزر گئے۔
سینئر صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ حالیہ گرفتاریوں سے ثابت ہوتا ہے پی ٹی آئی کی لیڈر شپ شامل تھی، کچھ سہولت کار بھی شامل تھے، نومئی پاکستان کا بدترین دن تھا، شاید ان گرفتاریوں کے تانے بانے نو مئی کی طرف بھی جا رہے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آر ٹی ایس بٹھا کر زبردستی کرسی پر بٹھایا گیا تھا، سازش کے تحت نو مئی کا واقعہ کیا گیا، عوام کو اپنے ہی اداروں کے سامنے کھڑا کیا گیا، بانی پی ٹی آئی ماسٹر مائنڈ اور گرفتار ہونے والے سہولت کار تھے، ایک اور بھی سہولت کار ہے جو عدالتوں میں سہولت کاری کر رہا تھا، اس سہولت کار نے مخالف پارٹیوں کو جیل میں بھیجا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بدنام زمانہ شخص نے پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ کو بھی گرفتار کروایا، جس کے کہنے پر خورشید شاہ، آغا سراج درانی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، بہت سارے لوگ ثاقب نثار کے انتشار کا شکار رہے، آج کے دن تک ثاقب نثار پی ٹی آئی کے لئے مینجمنٹ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے، آج وہ سب لوگ قانون کے شکنجے میں آ رہے ہیں، کوئی بھی ہو سب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہئے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سب نے ملکر اپنے اداروں کا دفاع کرنا ہے، آصف زرداری نے جیل کاٹی لیکن کبھی ملک کے خلاف سازشیں نہیں کیں، بانی پی ٹی آئی کیخلاف اوپن اینڈ شٹ کیسز ہیں، زمان پارک سے پولیس کے جوانوں پر پٹرول بموں سے حملے کئے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل، بھارت تحریک انصاف کو سپورٹ کر رہے تھے، یہ ملک اور اداروں کے خلاف ایک گھناؤنی سازش تھی۔