لاہور: (دنیا نیوز) لاہو رہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی، درخواست میں نیب، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن اور پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مجھے تمام مقدمات میں ضمانت ملنے پر رہائی کے قریب نیب نے دوبارہ گرفتار کر لیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ درج تمام مقدمات، انکوائریز اور نظر بندی کے احکامات طلب کرے، عدالت عالیہ متعلقہ عدالت سے رجوع سے پہلے کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتاری روکنے کا حکم دے۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔