لاہور: (دنیا نیوز) جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں، عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، اس موقع پر عمر ایوب، مسرت چیمہ، جمشید چیمہ، زین قریشی سمیت دیگر نے پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔
دوران سماعت پولیس نے مقدمے کا نامکمل ریکارڈ عدالت پیش میں کیا۔
پولیس انسپکٹر کا کہنا تھا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے باعث ملزمان سے تفتیش نہیں ہو سکی، عدالت ہمیں ملزمان سے تفتیش مکمل کرنے کی مہلت فراہم کرے۔
جج اے ٹی سی نے استفسار کیا کہ آپ کو کتنا وقت درکار ہے، لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال تو دو دن پہلے تھی جس پر پولیس انسپکٹر نے جواب دیا کہ پولیس یکم محرم الحرام سے لیکر دس محرم تک لاء اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی کرتی ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ تیرہ ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہے کتنی مہلت چاہیے، جو ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے وہ شامل تفتیش ہوں۔
جج اے ٹی سی نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کے پاس جو بھی تفتیش ہے وہ آئندہ سماعت پر مکمل کر کے عدالت پیش کرے۔
بعدازاں عدالت نے عبوری ضمانتوں میں 6 اگست تک توسیع کر دی۔