کراچی: (سمیعہ اطہر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے داؤدی بوہرہ برادری کے رہبرعالی مقام سیدنا مفضل سیف الدین سے طاہری مسجد کراچی میں ملاقات کی۔
حکومتی وفد نے عشرہ مبارکہ کے آٹھویں وعظ میں شرکت کی، سینئر حکومتی حکام اور اہم شخصیات کا صدر کی تاریخی بوہرہ مسجد آمد پر سیدنا، ان کے اہل خانہ اور بوہرہ برادری کے ہزاروں لوگوں نے پرجوش استقبال کیا۔
سیدنا مفضل سیف الدین نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختصراً عشرہ مبارکہ کے اجتماعات کی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے امام حسینؓ ابن علیؓ کی اپنے اہل بیت کے ساتھ اسلام، انصاف اور انسانیت کے اصولوں پر ڈٹ جانے اوراس کے لیے اپنی جان قربان کرنے کونمایاں کیا۔
سیدنا نے نبی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث پیش کی کہ تمام مخلوقات ایک ہی برادری سے ہیں جن کا دارومدار اللہ پر ہے اور اللہ کو سب سے زیادہ محبت اس سے ہے جو اپنے خاندان کے لیے زیادہ مفید ہے، سیدنا نے وضاحت کی کہ تمام مخلوقات کا خالق ایک ہی ہے اور ہمیں نہ صرف ایک دوسرے بلکہ تمام مخلوقات کے فائدے کی کوشش کرنی چاہیے۔
سیدنا نے داؤدی بوہرہ برادری کو تلقین کی کہ وہ ایماندار اور قانون کے پابند شہری بنیں اور اپنے ملک کی ترقی دینے والی سرگرمیوں میں حصہ لیں، سیدنا نے گورنر اور وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا کہ حکومت پاکستان نے داؤدی بوہرہ برادری کے کراچی میں عشرہ مبارکہ کامیاب بنانے کے لیے ہر قسم کا تعاون اور مدد فراہم کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراوعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیدنا مفضل سیف الدین کی کراچی آمد سندھ کے لیے باعث فخر ہے، ہم سیدنا اور دنیا بھر سے محرم اجتماعات کے لیے کراچی آنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس سال عشرہ مبارکہ کے لیے کراچی کے انتخاب پر سیدنا کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ سیدنا کی دعاؤں اور برادری ارکان کی آمد سے شہر کی تجارتی سرگرمیوں پر مثبت اثر پڑا، عشرہ مبارکہ کے وعظ میں اعلیٰ سطح کے حکام کی آمد سے اس روحانی اجتماع کی اہمیت اور داؤدی بوہرہ برادری کے پاکستان اور اس کے لوگوں سے تعلقات اجاگر ہوئے۔