پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ فارم 47 حکومت کے تابوت میں آخری کیل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ٹھوکیں گے۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے بعد جعلی فارم 47 حکومت حواس باختہ ہو چکی ہے، جعلی حکومت کے جعلی نمائندے عدلیہ کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، سپریم کورٹ پر حملہ بھی مسلم لیگ ن کے ٹریک ریکارڈ کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار بچانے کی خاطر یہ ٹولہ کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جعلی سرکار نے اس سے پہلے عزم استحکام جیسے اہم قومی سلامتی معاملے پر بھی سیاست چمکائی تھی، اب عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ عدلیہ پر اثرانداز ہونا شہباز شریف کا پرانا وطیرہ ہے۔