لاہور: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئین اور قانون کی بحالی کی تحریک پر تفصیلی گفتگو ہوئی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر حافظ نعیم الرحمان نے مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، فارم 45 کی بنیاد پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی حقداروں کو واپس ملنی چاہئیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے امیر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی، پاکستان میں آئین کی بالادستی کے لیے سپریم کورٹ کے ججز کا نام تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
دوران گفتگو اسد قیصر اور حافظ نعیم الرحمان نے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی آزادی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔