لاہور: (دنیا نیوز) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، اجلاس میں مون سون کے موسم کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، سیکرٹری ایل جی بورڈ رضوان نذیر اور پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز، چیف آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں مون سون کے موسم کیلئے مؤثر اقدامات کا حکم دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے عیدالاضحٰی والا جذبہ بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر جس طرح صفائی انتظامات کو سراہا گیا وہ باعث فخر ہے، وزیراعلیٰ خود بھی دورے کر رہی ہیں، میں بھی اضلاع کے دورے کروں گا۔
ذیشان رفیق نے کہا بارشوں کے آغاز میں ملنے والے سبق سے سیکھ کر اصلاح کی کوشش کریں، اضلاع میں دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے، جتنے وسائل ہیں اور افرادی قوت ہے وہ نکاسی آب کیلئے استعمال کریں، وزیراعلیٰ کو مون سون آپریشنز کی تمام صورتحال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔
وزیر بلدیات کا کہنا تھا کسی جگہ نالوں کی ڈی سلٹنگ نہیں ہوئی تو فوری طور پر صفائی کرائی جائے، حکومتی ہدایات پر بروقت عملدرآمد نہ ہونے پر کارروائی ہو گی، ڈپٹی کمشنرز مون سون ایمرجنسی کیمپوں کا قیام یقینی بنائیں۔
اس موقع پر سیکرٹری بلدیات شکیل احمد کا کہنا تھا تمام چیف آفیسرز کو مون سون پلان بھیجا جا چکا ہے، ڈرینز کی صفائی اور دیگر انتظامات کی تھرڈ پارٹی تصدیق کرا رہے ہیں، بارانی پانی کے نکاس میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔