پشاور: (دنیا نیوز) مظاہرین کی جانب سے زبردستی فیڈرز چالو کرانے سے پیسکو کا رحمان بابا گرڈ سٹیشن اندھیروں میں ڈوب گیا۔
ترجمان پیسکو کے مطابق مظاہرین کی جانب سے گرڈ میں زبردستی فیڈرز چالو کرانے سے گرڈ فالٹ کی وجہ سے بند ہوا، فالٹ کی وجہ سے گرڈ سٹیشن سے 32 فیڈرز کو سپلائی منقطع ہو گئی ہے۔
پیسکو ترجمان کے مطابق آج دوپہر 2 بجے مظاہرین زبردستی گرڈ میں داخل ہوئے اور فیڈرز چالو کرائے، زبردستی فیڈرز چالو کرانے سے سسٹم اوورلوڈ ہوا اور فالٹ کی وجہ سے بجلی کی ترسیل معطل ہوئی۔
مشتعل مظاہرین نے پیسکو عملے سے تلخ کلامی کی اور ان سے موبائل فون چھین لئے، پیسکو ٹیم مرمتی کام میں مصروف ہے۔
ترجمان پیسکو کے مطابق بجلی کی بحالی میں گھنٹوں لگ سکتے ہیں، مظاہرین کی جانب سے مسلسل عمل دخل سے صارفین کی پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔