فیصل آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سینٹرل جیل فیصل آباد کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے قیدیوں اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور جیل میں کیے گئے انتظامات دیکھے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر قیدیوں کو اہل خانہ سے ملاقات میں مزید سہولت دے رہے ہیں، گرمی کے پیش نظر ملاقاتی ایریا میں ائیر کنڈیشنر نصب کیے ہیں، جیلوں میں سائیکالوجی اور قانون کے طلبہ کو پیڈ انٹرن شپ کروانے جا رہے ہیں، قیدیوں کیساتھ سیشنز میں انہیں معاشرے کا مثبت حصہ بنانے پر کام ہوگا۔
نور الامین مینگل نے مزید کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈا پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے، جیلوں کی سکیورٹی کیلئے جدید آلات نصب کر رہے ہیں، کھانے کے معیار اور مینیو کو بہتر بنایا گیا ہے، جیل لائبریریز اور ٹریننگ انسٹیٹیوٹس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔