لاہور: (دنیانیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے جو تحفظات ہیں وہ وفاق میں تقریباً دور ہو چکے ہیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ایس او ایس ویلج کا دورہ کیا اور بچوں سے عید ملی، گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ بچے اس ملک کا مستقبل ہیں، آپ نے یہاں سے نکل کر ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، میں ہر عید پر آپ سے ملنے کے لئے آتا رہوں گا، تمام بچوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آپ گورنر ہاؤس کا دورہ کریں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بڑی محبت اور اپنائیت سے میرے ساتھ پنجاب اور وفاق کے حوالے سے بات کی، اتحادی حکومت ہے، پہلا بجٹ تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں کچھ گلے شکوے ہیں، مجھے امید ہے کہ جو بات چیت میں کچھ گیپ ہے وہ دور ہو جائے گا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہماری تین میٹنگز ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی کے جو تحفظات تقریباً دور ہو چکے ہیں، پنجاب میں بھی بات چیت چل رہی ہے، ن لیگ کو جو سندھ میں ان کا شئیر ہے وہ ضرور ملے گا۔
سردار سلیم حیدر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے تمام پولیٹیکل پارٹیز کو لے کر پانچ سال حکومت کامیابی سے چلائی، سندھ میں مسلم لیگ ن کے ساتھ فارمولا طے ہے، گزشتہ سولہ ماہ کا تجربہ اچھا نہیں تھا، آج ان سولہ ماہ کے لئے سخت الفاظ اس لئے نہیں کہہ رہا کہ کل ایک اچھی میٹنگ ہو چکی ہے، سی ایم سے بجٹ پر میری میٹنگ ہونا ضروری نہیں تھا، پارلیمانی پارٹی کی ملاقات ضروری تھی۔