لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ خاور مانیکا پر حملہ کرنے والے وکلاء کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ کسی وکیل کو بھی کسی صورت یہ حق نہیں کہ وہ کسی پر ہاتھ اٹھائے، واقعے میں ملوث افراد کے لائسنس منسوخ ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی نہ ہونے جا رہی، یہ افواہیں ہیں، جو کچھ پی ٹی آئی کے ساتھ ہو رہا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیشن کورٹ اسلام آباد میں عدت میں نکاح کیس کے دوران پی ٹی آئی وکلاء نے خاور مانیکا پر حملہ کیا۔
جج شاہ رخ ارجمند کے چیمبر میں جانے کے بعد پی ٹی آئی وکلاء نے عدالت میں خاور مانیکا کو بوتلیں ماریں اور احاطہ عدالت میں تھپڑ بھی مارے، پی ٹی آئی وکلاء کے حملے میں خاور مانیکا زمین پر گر پڑے تھے۔