خانپور: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے ذریعے ووٹ نہ دینے کا بدلہ لے رہی ہے۔
عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ ہم نے خانپور میں بجلی اور سوئی گیس کی مد میں 14 ارب کے ترقیاتی کام کروائے، واپڈا حکام کو اپنے چیمبرمیں طلب کر کے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق دریافت کیا، واپڈا ذمہ داران کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فقط بہانے سننے کو ملے، خیبرپختونخوا پورے ملک کو بجلی فراہم کرتا ہے، صوبے کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہو رہا ہے، محسن نقوی نے اپنے کمیشن کی خاطر گندم درآمد کرنے کیلئے چار سو ارب ریلیز کروا لئے، آزاد کشمیر کے لوگوں کو 3 ارب نہیں دے سکے۔
عمر ایوب نے کہا ہے کہ میں آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوا، میرے اوپر فقط پنڈی شہر میں لاتعداد جھوٹے مقدمات درج ہیں، ناکردہ گناہ کی سزا بھگت رہا ہوں جو فقط انتقامی کارروائی ہے، عمران خان کے مقدمات کو غلط سمت موڑا جا رہا، بشریٰ بی بی کو بھی ناجائز مقدمے میں گھسیٹا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہم ہر فسطائیت اور انتقامی کارروائی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عمران خان بہت جلد ہم سب کے درمیان ہوں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کو حق گوئی پر سلام پیش کرتا ہوں، ججز کے انصاف کی وجہ سے ایک حوصلہ پیدا ہوا، پرامید ہیں کہ جبر اور ظلم کی رات جلد ہی چھٹ جائے گی۔