اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، اب ان کیسز کے فیصلے نہیں سنائے جا رہے، عدت، سائفر کے مقدمات کریش کر چکے ہیں، ہمیں خوف ہے عمران خان پر مزید مقدمات قائم کئے جائیں گے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں اب چوتھا مقدمہ بنانے جا رہے ہیں، باقی مقدمات کریش ہونے کے قریب ہیں، آج عدت کیس میں تماشا سب نے دیکھا، ریاست کے طاقتور لوگوں کی کوشش ہے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہ آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ نہ سنانا پری پلان ہے: بیرسٹر گوہر
رؤف حسن نے کہا کہ ہم لوگ انصاف کا قتل اور ریاست کو کمزور ہوتے دیکھ رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کر سکا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک نظم لکھنے کی پاداش میں ایک شخص کے ساتھ کیا ہوا، ریاست کے اوپر روزانہ گھناؤنے دھبے لگائے جا رہے ہیں، جھوٹی کہانیوں پر مقدمات بنائے جاتے ہیں۔
رؤف حسن نے کہا کہ عدت، سائفر کے مقدمات کریش کر چکے ہیں، توشہ خانہ میں عمران خان کی سزا معطل ہو چکی ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر آجانا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عدت میں نکاح کیس: خاور مانیکا کے عدم اعتماد پر جج کا کیس ٹرانسفر کیلئے ہائیکورٹ کو خط
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوف ہے عنقریب عمران خان کے خلاف مزید مقدمات قائم کئے جائیں گے، لگتا ہے بانی پی ٹی آئی کو مزید وقت جیل میں گزارنا پڑے گا۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات میں کہیں انصاف نظر نہیں آتا، حمود الرحمان کمیشن میں فوج کے خلاف کوئی بات نہیں کی گئی، حمود الرحمان کمیشن میں فوج کے بہادری سے لڑنے کا ذکر موجود ہے، ہماری لڑائی فوج کے ساتھ نہیں ہے، ملک میں آئین و قانون کی بحالی تک لڑائی لڑتے رہیں گے۔