اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے والی پرواز میں فنی خرابی کے باعث رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 781 میں فنی خرابی کی نشاندہی ہونے پر کیپٹن نے طویل پرواز جاری رکھنے اور بحر اوقیانوس پر پرواز کرنے کی بجائے واپسی کو ترجیح دی اور جہاز کو کراچی اتارنے کا فیصلہ کیا۔
انجینئرنگ بیس پر بہتر انتظامات اور پرزہ جات کی دستیابی کے باعث طیارے کو کراچی اتارا گیا، پرواز کے تمام مسافر محفوظ رہے، طیارے میں موجود مسافروں کو ائیرپورٹ کے ہوٹل میں ٹھہرایا گیا، مسافروں کی دیکھ بھال کیلئے طعام اور ٹرانسپورٹ کا بہترین انتظام ہے۔
ذرائع کے مطابق جہاز میں فنی خرابی معمولی نوعیت کی ہے، خرابی دور کرنے کے بعد پرواز کی دوبارہ ٹورنٹو روانگی کا شیڈول آج دوپہر 1 بجے رکھا گیا ہے تاکہ مسافر طویل پرواز کیلئے آرام کرسکیں۔