حج آپریشن: پی آئی اے کے ذریعے 4398 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے

Published On 16 May,2024 05:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ایئرلائن پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن جاری ہے، 7 روز کے دوران پی آئی اے کی کل 20 پروازیں آپریٹ ہوئیں جس کے ذریعے 4398 عازمین حج حجاز مقدس پہنچے۔

ان پروازوں میں 14 پروازیں براہ راست مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئیں، 6 پروازیں براستہ کراچی اپنی منزل مقصود پر پہنچیں۔

پی آئی اے کی حج پروازیں 23 مئی تک مدینہ منورہ کے لیے آپریٹ ہو رہی ہیں جبکہ 24 مئی سے 10 جون تک جدہ کے لیے حج پروازیں چلائی جائیں گی۔

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 190 پروازوں پر مشتمل ہوگا جن میں 170 براہ راست پروازیں اور 20 پروازیں براستہ کراچی آپریٹ ہوں گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق براستہ کراچی پروازوں میں 15 پروازیں کوئٹہ سے اور 5 پروازیں سکھر سے چلائی جائیں گی۔