گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا دورہ ملتان، یوسف گیلانی سے ملاقات

Published On 13 May,2024 08:17 pm

ملتان: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ گیلانی ہاؤس آمد ہوئی، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سید حیدر رضا گیلانی و دیگر نے گورنر خیبرپختونخوا کا استقبال کیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے گورنر خیبرپختونخوا کو صوبہ کا آئینی منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ملاقات میں سیاسی امور سمیت مجموعی صورتحال و عوامی فلاح و بہبود کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو خیبرپختونخوا کی معاشی صورتحال اور امن وامان سے متعلق امور سمیت دیگر درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبہ کی مجموعی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاق کا تعاون درکار ہو گا، کوشش ہے کہ وفاق و صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر خیبرپختونخوا صوبہ کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کر سکوں۔