اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی پر بانی پی ٹی آئی کو معافی کی آفر موجود ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں کابینہ اجلاس میں شرکت کیلئے آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح طور پر کہا 9 مئی واقعات میں ملوث افراد معافی مانگیں، معافی مانگنا یا نا مانگنا بانی پی ٹی آئی کی مرضی ہے، افسوسناک بات یہ ہے کہ شہداء کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی ہیروز کے مجسموں کو مسمار کر کے کیا پیغام دیا گیا، 9 مئی کسی شخص کی انا نہیں ملک کی انا کی بات ہے، 9 مئی کو جو ہوا وہ پاکستان کی انا اور آبرو پر حملہ تھا۔
بانی پی ٹی آئی سے بہت رعایت برتی گئی: عطا تارڑ
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے بہت رعایت برتی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے دلخراش واقعہ کی مذمت کیلئے خصوصی اجلاس بلایا گیا، وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی شامل ہوئے، اجلاس میں واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی نے اجلاس میں سفارشات پیش کیں، شہدا کے خاندانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، سیاسی اور ذاتی مفادات کیلئے 9 مئی کو وہ کچھ کیا گیا جو کبھی دشمنوں نے نہیں کیا، ایک سال ہوگیا نو مئی کے ملزمان کو عدالتیں ابھی تک سزائیں کیوں نہیں دے سکیں۔