لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 2544 ارب کے محصولات عدلیہ کی توجہ کے مستحق ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ 102 ارب، ہائی کورٹ پر 742 ارب عدالتی کارروائی کے منتظر ہیں، ٹربیونلز پر 1700 ارب کی رقم بھی عدالتی کارروائی کی منتظر ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ سب ایف بی آر، ٹیکس نادہندہ اور عدلیہ کی ملی بھگت سے ہوتا ہے، یہ 2544 ارب ہمارے بہت سے دکھ دور کر سکتے ہیں، صحت، تعلیم اور دفاع کے اخراجات پورے ہو سکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اس رقم سے قرض اور آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی ہے، یہ محصولات مذاکرات کے ذریعے سیٹل کیے جا سکتے ہیں، تھوڑی ایمانداری اور وطن سے محبت کی ضرورت ہو گی۔