اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات رکھنا چاہتا ہے، کیا ہمیں اس کی سزا دی جائے گی؟۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کی کامیابی پر اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان کی کامیابی سے متعلق بیان پر آج بھی قائم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان نے جدوجہد سے استعماری طاقت کو شکست دی، استعماری قوت خطے پر اپنا تسلط جمائے بیٹھی تھی، افغان طالبان نے جدید اسلحہ کے بغیر سامراجی قوت کو شکست دی جس کی تعریف بنتی تھی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا اور ان کا تعلق ہم نے اپنے سیاق و سباق میں دیکھنا ہے، افغان طالبان کی جدوجہد کی کامیابی کی تعریف فرض بنتا تھا، پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات اس وقت مثالی نہیں ہیں، دونوں ممالک کو تعلقات پر محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے بجائے اسرائیل پر پابندی لگانی چاہئے، اسرائیل نے ہزاروں عورتوں اور بچوں کو شہید کیا، غزہ میں آج بھی قتل عام جاری ہے۔