نواز شریف کی اجازت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں ہوگا: خواجہ آصف

Published On 14 February,2024 09:02 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی اجازت کے بغیر کچھ بھی نہیں ہو گا، تمام فیصلوں کی توثیق میاں نواز شریف کی کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں بات چیت کی گنجائش رکھی ہوئی ہے، فضل الرحمان نے ہمیں کہا ہے کہ آئیں ہمارے ساتھ چلیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو نوازشریف نے منتخب اس لیے کیاہے کہ وہ ڈیڑھ سال کیلئے وزیراعظم رہے، نواز شریف کو پتا ہے کہ اس دور میں شہباز شریف تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلے، شہباز شریف کو نواز شریف کی سو فیصد سپورٹ حاصل ہے اور فیصلے نواز شریف ہی کریں گے۔

پاکستان کی 75سالہ تاریخ میں ایک یا دو انتخابات کو چھوڑکرباقی انتخابات متنازعہ رہے، پچھلی 5دہائیوں میں بھی الیکشن دھاندلی زدہ ہی رہے ہیں، انتخابات میں جیت ہار ہوتی ہے ، کہیں پر بھی آپ نہیں کہہ سکتے کہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پی کے میں جیت رہی ہے تو کہتی ہے یہاں انتخابات ٹھیک ہوئے ہیں، جہاں پر پی ٹی آئی کو کم سیٹیں ملیں ہیں وہاں کہتے ہیں یہاں پر دھاندلی ہوئی ہے، یہ تمام سیاسی پارٹیوں کو وطیرہ بن گیا ہے جہاں ہارتے ہیں کہتے ہیں انتخابات شفاف نہیں ہوئے۔