گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین سستی روٹی مشن پر گوجرانوالہ پہنچ گئے، انہوں نے مختلف مارکیٹس میں سرکاری قیمت پر روٹی نان کی دستیابی اور وزن کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ کسی پر جبر نہیں کر رہے، حکومت کا مشن عام آدمی کو ریلیف دینا ہے، کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں۔
بلال یاسین نے کہا کہ گوجرانوالہ میں روٹی 15 روپے اور نان 20 روپے میں دستیاب ہے، پنجاب بھر میں نوٹیفائیڈ قیمتوں پر روٹی اور نان کی فروخت یقینی بنا رہے ہیں، قیمتوں میں کمی سے قبل متعلقہ محکموں نے مکمل ورکنگ کی۔
وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچا رہے ہیں، صبح شام فیلڈ میں نکل رہے ہیں، الحمدللہ پنجاب میں سستی روٹی اور نان دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار آٹے کے تھیلے پر یکمشت 500 روپے کمی کی گئی، بازاروں میں واضح طور پر پرائس لسٹ آویزاں کروا چکے ہیں تاکہ عوام آگاہ رہیں۔
وزیر خوراک نے کمشنر آفس میں گندم کی خریداری کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت بھی کی، کمشنر گوجرانوالہ، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او کے علاوہ محکمہ فوڈ کے متعلقہ افسران موجود تھے۔