لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے صوبہ پنجاب میں عوام کو سستی چینی یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے مہیا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
حکومت پنجاب کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے عوام کو 140 روپے کلو چینی فراہم کی جائے گی، پنجاب بھر میں 2100 یوٹیلٹی سٹوراور ساڑھے سات سو فرنچائزڈ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی دستیاب ہو گی۔
چینی کی خریداری میں شفافیت کے لئے اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ساتھ لانا ہو گا، ہر خاندان ایک ماہ میں 5 کلو چینی حاصل کر سکے گا، یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی فراہمی کا عمل چند روز میں شروع ہو جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت خصوصی اجلاس میں یوٹیلٹی سٹور کے ذریعے چینی کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و تجارت گوہر اعجاز، وزراء ایس ایم تنویر، ابراہیم حسن مراد، ممتاز صنعت کار فواد مختار، چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور محمد علی عامر اور دیگر حکام موجود تھے۔