نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ میں غزہ جنگ بندی کے حوالے سے قرارداد ویٹو کر دی گئی۔
سکیورٹی کونسل کا اجلاس الجزائر کی درخواست پر طلب کیا گیا جس میں انسانی بنیادوں پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں قرارداد پیش کی گئی، چین، روس سمیت 13 ارکان نے جنگ بندی کی حمایت کی۔
ممبران کی اکثریت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری جنگ بندی کے حق میں ووٹ دیا، امریکا واحد ملک جس نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا، برطانیہ نے غزہ جنگ بندی کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ : برازیل نے اسرائیل سے اپنے سفیرکوواپس بلالیا
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فلسطینی علاقوں کا قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوج مکمل منصوبہ بندی کے تحت فلسطینیوں کا قتل عام کر رہی ہے، اسرائیلی ہتھکنڈے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حملوں میں شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار سے تجاوز کر گئی، شہداء میں زیادہ تر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 69 ہزار تک پہنچ گئی۔