اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن کی انکوائری کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔
ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے آج راولپنڈی ڈویژن کے تمام ریٹرننگ افسران کو صبح دس بجے طلب کر لیا ہے، انکوائری کمیٹی کے سربراہ ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی آر اوز کے بیان قلمبند کریں گے، انکوائری کمیٹی آج تمام متعلقہ ڈی آر اوز اور آر اوز کے بیانات قلمبند کر لے گی۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں دھاندلی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں، میں اپنے ضمیر کا بوجھ اتار رہا ہوں۔
لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا کہ صبح نماز کے وقت خود کشی کی بھی کوشش کی پھرسوچا حرام کی موت کیوں مروں، کیوں نا سب کچھ عوام کے سامنے رکھوں، ہم نے ہارے ہوئے امیدواروں کو 50، 50 ہزار کی لیڈ میں تبدیل کیا، 70، 70 ہزار کی لیڈ سے جیتنے والوں کو ہم نے ہروایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں نا انصافی کی، مجھے کچہری چوک میں پھانسی دے دینی چاہیے میں سکون کی موت مرنا چاہتا ہوں اور مجھے ظلم کی سزا ملنی چاہیے، میرے ساتھ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس کو بھی پھانسی پر لٹکایا جائے، یہ سب مجرم ہیں۔
سابق کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ اپنے گناہ کی سرعام معافی مانگتا ہوں، میرے اوپر کوئی دباؤ نہیں تھا، مجھے سرعام گرفتار کیا جائے، فوج نے الیکشن ٹھیک کروائے، دوبارہ الیکشن کرانے کی ضرورت نہیں، فارم 45 کو ہی دوبارہ جمع کر لیا جائے تو صورتحال واضح ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ماتحت ریٹرننگ آفیسرز سے معذرت چاہتا ہوں، جب میں نے انہیں کہا آپ نے غلط کام کرنا ہے تو وہ بیچارے رو رہے تھے، ماتحت یہ کام نہیں کرنا چاہتے تھے، ملک کی پیٹھ میں جو چھرا گھونپا وہ مجھے سونے نہیں دیتا، پاکستان توڑنے کے جرم میں شریک نہیں ہوسکتا۔