ایم کیو ایم کی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو حکومت سازی میں تعاون کی یقین دہانی

Published On 19 February,2024 10:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت سازی کے لیے ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی۔

ایم کیو ایم پاکستان کی مذاکراتی کمیٹی کی اسلام آباد میں ن لیگ کے وفد سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پاکستان، سندھ باالخصوص شہری سندھ کے لوگوں کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کیلئے مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی، ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت میں شامل ہونے کیلئے ن لیگ سے تین نکاتی آئینی ترمیم پر حمایت بھی مانگ لی۔

ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل اور بحرانوں سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی کو آئینی تحفظ دلوانا ایم کیو ایم پاکستان کی اولین ترجیح ہے، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے اختتام پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کے مشکل مرحلے میں ساتھ ہیں، ہم نے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرا دی، امید ہے آج ہی اعلامیہ جاری ہوگا۔